منگلورو 23؍فروری (ایس او نیوز)پچھلے دنوں شہر میں ہوئے ایچ جے وی کے کارکن پرتاپ پجاری قتل کیس میں کنکن ناڈی پولیس نے 8ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔اور ان کے قبضے سے تلواریں، چھری اور بائک ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے بیان میں گرفتار شدگان کے نام ساگر پجاری(۲۵سال)،متھن (۲۵سال)، کوشیک(۲۶سال)، تلک راج شیٹی (۲۸سال)، نکھیل شیٹی (۱۹سال) ، منیش پجاری (۲۶سال) راجیش (۲۱سال) بتائے گئے ہیں۔
مرولی نامی مقام پر قتل کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب منی کنٹا ، پرتاپ پجاری وغیرہ اپنے دوست کے گھر میں شراب نوشی میں مصروف تھے۔ اس وقت منی کنٹانے کوشیک کے بھائی کی کچھ دن پہلے جو پیٹائی کی تھی، اس میں مصالحت کرنے کے لئے مندرجہ بالا ملزمین وہاں پہنچے۔ لیکن بات مصالحت کے بجائے مزید جھگڑے میں بدل گئی اور اس دوران شیو اور تلک نامی دولوگوں نے پرتاپ اور منی کنٹا پر تلوار سے حملہ کرڈالا جس سے موقع پر ہی پرتاپ نے دم توڑ دیا۔ جبکہ منی کنٹا کو زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا۔کنکن ناڈی پولیس اسٹیشن میں یہ معاملہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیق و تفتیش کے بعد پولیس نے اعلیٰ افسران کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے مندرجہ بالا ملزمین کوگرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔